اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا، سابق صدر آصف زرداری کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کا تحریری حکم نامہ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے جاری کیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے گھر پر تعینات گارڈ عبدالمجید نے سمن وصولی سے انکار کیا، سابق وزیراعظم کی عدم حاضری پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کررہے ہیں۔
حکم نامے میں آصف زرداری کی ایک دن کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر 11 جون کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، انور مجید اور عبدالغنی مجید کو پیشی کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔