اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کی علاج کی خاطر بیرون ملک جانے کے لیے فراہم کردہ میڈٰیکل رپورٹس پر ایک بار پھر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کے معاملے پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ایسا لگتا ہے نواز شریف جھوٹی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر بیرون ملک گئے ہیں۔ اس پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزرا فواد چوہدری، فیصل واوڈا اور مراد سعید سمیت کابینہ کے اجلاس میں اراکین نے گندم اسکینڈل کی رپورٹ کا فرانزک کروانےاور ذمے داران کو سامنے لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ کابینہ نے احتساب کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مشکل مالی صورت حال کے پیش نظر کفایت شعاری اپنانے کی ہدایت بھی کی۔