اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 35 ہزار 788 ہوگئی جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 770 تک جاپہنچی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 13 ہزار 51 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد کورونا کے مجموعی طور پر 3 لاکھ 30 ہزار 750 ٹیسٹ کیے جاچکے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 1452 نئے کیس سامنے آئے ہیں، جس کے بعد ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز 35 ہزار 788 ہوگئے۔ جن میں سے 9 ہزار 695 افراد صحت یاب ہوچکے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 25 ہزار 323 ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 13 ہزار 561، سندھ میں 13 ہزار 341، خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 252، بلوچستان میں 2 ہزار 239، اسلام آباد میں 822، گلگت بلتستان میں 482 جب کہ آزاد جموں کشمیر میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 91 ہوگئی ہے۔
پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 33 اموات ہوئیں، جس کے بعد ملک میں وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 770 ہوگئی جب کہ پاکستان میں کورونا کے 300 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔