مالکان ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی بھی دیں، ماہرہ

کراچی: عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ماہرہ خان نے کورونا وائرس کے باعث موجودہ صورت حال کے پیش نظر مالکان سے ملازمین کوتنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی درخواست کی ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق اپنے مداحوں سمیت عوام میں آگاہی پھیلانے میں ماہرہ خان آگے آگے ہیں۔ اس باراداکارہ کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے مالکان سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ تعلیم یافتہ ہیں یا ایسے طاقت ورہیں کہ آپ بغیرکسی کام کے ایک ماہ گزارسکتے ہیں تو یہ لڑائی پھرکسی اورکے لیے نہیں بلکہ آپ کے لیے ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اس تناظرمیں ہمیں ان لوگوں کا خیال رکھنا چاہیے جوایسی طاقت نہیں رکھتے ہیں، انہیں آگاہی فراہم کریں، انہیں اجرت کے ساتھ چھٹی دیں اوران کی زندگی سہل بنائیں۔