کراچی: عدنان صدیقی نے لائیو شو میں سرفراز احمد کی تضحیک کرکے سوشل میڈیا صارفین کے غصے کو بھڑکادیا۔
چند روز قبل ایک شو میں بھارتی اداکاروں کے حوالے سے عدنان صدیقی کے سامنے ایک مذاق ہوا جو عدنان صدیقی سے بالکل بھی برداشت نہیں ہوا تھا۔
تاہم اب عدنان صدیقی کی ایک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایاجارہا ہے جس میں وہ نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے پروگرام میں سابق کپتان سرفراز احمد کی تضحیک کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز احمد شو کے دوران کچھ بول رہے ہیں اور شاید انہیں بولنے میں کچھ تکلیف ہے لیکن عدنان صدیقی درمیان سے ہی ان کی بات کاٹ کر ان کی نقل اتارنے لگتے ہیں۔ عدنان کی اس حرکت پر شو میں موجود دیگر افراد ہنسنے لگتے ہیں تاہم سوشل میڈیا صارفین کو عدنان صدیقی کی یہ حرکت بالکل پسند نہیں آئی اور انہوں نے عدنان صدیقی پر شدید تنقید کی
مانی نامی صارف نے عدنان صدیقی کی اس حرکت کو مکروہ اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کسی کے ساتھ اس طرح مذاق کرنا جائز ہے؟ کچھ احترام دکھائیں۔ خدا کے لیے یہ وہ کپتان ہیں جنہوں نے آپ کے لیے ٹرافی جیتی تھی۔
خدجہ نامی خاتون نے کہا عدنان صدیقی کی یہ حرکت بہت قابل نفرت ہے انہیں ہمارے کرکٹ ہیرو سے معافی مانگنی چاہیے۔
طارق حمید نے کہا عدنان بھائی سرفراز احمد کے ساتھ یہ پیدائشی مسئلہ ہے اگر آپ کے ساتھ یہ مسئلہ نہیں تو آپ کو خدا کا شکر ادا کرنا چاہیے نہ کہ دوسروں کا مذاق اڑانا چاہیے۔
رومیو نامی شخص نے عدنان صدیقی کو نیشنل ٹی وی پر سب کے سامنے سرفراز کا مذاق اڑانے اور ان کی تضحیک کرنے پر بہت برا بھلا کہا۔
اسامہ نامی صارف نے کہا جس طرح انہوں نے پہلے انسٹاگرام پر سری دیوی اور عرفان خان کے معاملے پر لمبی چوڑی تقریر کے ذریعے مذمت کی تھی اب ہم اسی طرح ان کے معافی کے منتظر ہیں۔