فرانس اور برطانیہ میں لاک ڈاؤن کی اکثر پابندیاں ختم

پیرس: فرانس میں لاک ڈاؤن کی اکثر پابندیاں ختم، ملک میں ریسٹورنٹس، کیفے اور ٹرانسپورٹ کو کھول دیا گیا۔ برطانیہ میں کاروباری مراکز آج کھولے جائیں‌ گے۔
فرانس میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مارکیٹوں اور بازاروں میں روایتی چہل پہل کافی حد تک لوٹ آئی، ریسٹورنٹس اور کیفے میں لوگوں کی آمدورفت جاری ہے۔ مارکیٹوں میں لوگ طویل لاک ڈاؤن کے بعد اب آزادی کے ساتھ گھوم پھر رہے ہیں جب کہ خواتین شاپنگ کرتی نظر آتی ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ میں بھی آج سے دکانیں کاروباری مراکز کھلیں گے، وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا تھا کہ لوگ اعتماد کے ساتھ خریداری کریں، انہوں نے خود بھی مشرقی لندن کے شاپنگ مال کا دورہ کیا اور کورونا سے متعلق حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اُدھر آسٹریلیا میں بھی لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی گئی، جس کے بعد شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ دو بڑی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا نے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کردیا. یہ اجازت 22 جون سے ہوگی. امریکا میں کورونا وائرس کے ایک 70 سالہ شخص کو مبینہ طور پر 11 لاکھ ڈالر کا میڈیکل بل تھمادیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق مائیکل فلور کو یہ بل ہسپتال میں 62 دن تک داخل رہنے کے بعد دیا گیا۔