اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس خطے میں بڑے پیمانے پر غربت ہے، جس کی وجہ سے ہمیں متوازن اقدامات کرنے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اپنی حالیہ ٹویٹ میں کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں کورونا کی روک تھام کے ساتھ ساتھ عوام کو بھوک سے بھی بچانا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے، شاپنگ مالز اور شادی ہال سمیت ہر اس جگہ کو بند کردیا جہاں عوامی اجتماعات ہوسکتے تھے، البتہ لاک ڈاؤن کی تباہی کو روکنے کے لیے زرعی شعبے کو کھلا رکھا ہے اور اب تعمیراتی شعبہ بھی کھول رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا مریضوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ 40 اموات ہو چکی ہیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن کا اعلان کر رکھا ہے۔