عمرے اور حج کی ادائیگی تاحکم ثانی معطل

ریاض: سعودی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظر عمرہ اور زیارت ابھی معطل رہیں گے، تاہم اس پر نظرثانی ہوتی رہے گی۔
سعودی عرب کے خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت حج نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وبا کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین غور کررہے ہیں اور حالات جیسے ہی بہتر ہوں گے تو اس حوالے سے کوئی بہتر فیصلہ کیا جاسکے گا جب کہ ملک میں معطل ہونے والی معمولات زندگی اب آہستہ آہستہ بحال ہورہے ہیں، تاہم حج وعمرہ کی بحالی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 21 جون کو مکہ مکرمہ کی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی جس کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے باجماعت نماز ادا کی جائے گی، البتہ حرم مکہ شریف میں موجودہ ضوابط کے تحت نماز ادا کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خیال رہے سعودی وزارت داخلہ نے دیگر شہروں کی طرح مکہ مکرمہ میں بھی کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز 31 مئی سے ہوگا۔