اسلام آباد: پی آئی اے طیارہ حادثہ کے بعد حکومت پاکستان نے تحقیقات کے لیے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔
طیارہ حادثہ ماڈل کالونی کے علاقے جناح گارڈن میں پیش آیا، جہاں طیارہ رہائشی مکانات پر جاگرا، جس میں 57 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ پی آئی اے کی پرواز 8303 لاہور سے 91 مسافروں اور عملے کے 8 افراد کو لے کر کراچی آرہی تھی۔
دوسری طرف حکومت پاکستان نے طیارہ حادثہ کیس کی تحقیقات کے لیے چار رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔ 4 رکنی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایئرکموڈور عثمان غنی کریں گے۔
دیگر اراکین میں ونگ کمانڈر ملک محمد عمران، گروپ کیپٹن توقیر اور جوائنٹ ڈائریکٹر اے ٹی سی ناصر مجید ٹیم میں شامل ہوں گے۔
تحقیقاتی ٹیم فوری طور پر حکومت کو ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی، حادثے کی جامع رپورٹ ایک ماہ کے اندر مکمل کر کے دی جائے گی۔ کیبنٹ سیکریٹریٹ ایوی ایشن ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔