واشنگٹن/ ٹورنٹو/ کابل، انقرہ/ نئی دہلی: طیارہ حادثے پر دنیا بھر کے رہنماؤں نے پاکستانی عوام اور متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اور تعزیتی پیغامات بھیجے ہیں۔
پی آئی اے کے لاہور سے کراچی جانے والے طیارے کے تباہ ہونے کے بعد دنیا بھر کے رہنماؤں نے مشکل گھڑی میں متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کراچی طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، اس مشکل وقت میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی خبر انتہائی دل خراش ہے، کینیڈین عوام متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ شریک ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے ٹوئٹ میں کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ہماری ہمدردیاں پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
افغان صدر اشرف غنی نے بھی حکومت اور پاکستانی عوام سے تعزیت کی جب کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی افسوس ناک واقعے پر تعزیتی ٹوئٹ کی۔