راولپنڈی: کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کی طبیعت میں بہتری آنا شروع ہو گئی ہے، انھوں نے اپنے بھتیجے سمیت اہم شخصیات سے فون پر بات بھی کی۔انھوں نے اپنی گفتگو میں اپیل کی کہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جائیں۔ شیخ راشد کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت میں بہتری کے آثار ہیں، ڈاکٹرز نے بھی کہا ہے کہ شیخ رشید کو آکسیجن کی ضرورت نہیں، وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس انفیکشن میں مبتلا وفاقی وزیر شیخ رشید احمد کو دو دن قبل ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا تھا، گزشتہ روز اسپتال سے جاری پیغام میں انھوں نے کہا کہ اب وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں، فیملی کا کہنا تھا کہ انھیں احتیاطی تدابیر کے پیش نظر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، شیخ رشید کو کوئی پیچیدگی لاحق نہیں تھی۔