ممبئی: سینئر بولی وُڈ اداکار رشی کپور کینسر کے موذی مرض کے باعث چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ کینسر کے موذی مرض کے باعث 67 سال کی عمرمیں چل بسے۔ اداکار کو گزشتہ روز طبیعت بگڑنے پرممبئی کے ایچ این ریلائنس اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔
اداکارنے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق خود کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری بیماری کا باقاعدہ علاج جاری ہے جس کا طریقہ کار بہت طویل اور پیچیدہ ہے جس کے لیے بہت صبر درکار ہے اور بدقسمتی سے مجھ میں صبر کی کمی ہے۔
رشی کپور دور حاضر کے مشہور فلمی ہیرو رنبیر کپور کے والد تھے اور بولی وُڈ کے شومین راج کپور کے بیٹے تھے۔
اداکار نے اپنے کیریئر کا آغاز 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے کیا جو ایک رومانوی فلم تھی جب کہ رشی کپور نے اپنی آخری فلم دی باڈی میں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کیا تھا اور حال ہی میں انہوں نے سوشل میڈیا پربولی وُڈ کی اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ اپنی نئی فلم کا اعلان کیا تھا۔
رشی کپور کی موت پر متعدد فنکاروں نے بے حد افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ رشی کپور ایک مایہ ناز اداکار تھے جن کے لاتعداد مداح دنیا بھرمیں موجود ہیں جب کہ کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے اس ہفتے کو بولی وُڈ کے لیے مشکل ترین قراردیا۔
یاد رہے گزشتہ روز نامور اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں اپنے مداحوں کو افسردہ چھوڑ کر دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔