سندھ کے سرکاری اسکولوں میں آن لائن تعلیم شروع کرنے کا فیصلہ

کراچی: کورونا وبا کے باعث سندھ کے سرکاری اسکولوں میں آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک کے طلبا آن لائن تعلیم حاصل کرسکیں گے۔
سیکریٹری تعلیم سندھ خالد حیدر شاہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ہدایات دی گئی ہیں کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی سلسلہ منقطع ہے، تاہم حفاظتی اقدامات کے پیش نظر اب سرکاری تعلیمی اداروں میں بھی آن لائن کلاسز شروع کی جائیں گی۔
سیکریٹری تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اضلاع کے ڈائریکٹرز کو 17 جون تک اساتذہ اور طلبہ کا ڈیٹا جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے جب تک حالات سازگار نہیں ہوجاتے، تعلیمی اداروں کو نہیں کھولا جائے گا۔ یہ اعلان صوبائی وزیر سعید غنی نے گزشتہ روز میڈٰیا سے گفتگو میں کیا تھا۔