سندھ میں سخت ترین لاک ڈاؤن

کراچی: آج صبح کھلنے والی کریانہ، سبزی، پھل اور میڈیکل کی دکانوں کو بھی سندھ حکومت نے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔
صوبائی حکومت کا 3 روزہ ’’محفوظ دن‘‘ کا آغاز ہوگیا اور دوپہر تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہے، جس کے دوران تمام تجارتی سرگرمیاں بند ہیں۔ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے تمام سڑکیں بھی بند کردی گئیں، جس کے نتیجے میں گھروں سے باہر نکلنے والے شہری پھنس گئے اور ٹریفک جام ہوگیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کے مطابق دوپہر تین بجے تک میڈیکل اسٹورز، دودھ، بیکری، کریانہ، سبزی اور پھلوں کی دکانیں بند رہیں گی اور ہر قسم کے کاروبار پر پابندی ہوگی جب کہ شہریوں کو نقل و حرکت کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
اس سے قبل جمعہ کے دن صبح 8 بجے سے دوپہر 12 تک اور سہ پہر ساڑھے تین بجے سے شام ساڑھے چھ بجے تک کاروبار کی اجازت ہوتی تھی۔ یعنی دوپہر 12 سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوتا تھا تاہم اس بار سخت لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھادیا گیا ہے۔