سندھ: موٹر سائیکل پر خواتین اور بچوں کی سواری پر بھی پابندی عائد

کراچی: سندھ کے محکمہ داخلہ کی جانب سے ترمیمی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ڈبل سواری پر ہر طرح کی پابندی عائد کردی گئی ہے، اس سے کوئی بھی مستثنیٰ نہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری سے متعلق ترمیمی حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس کے تحت خواتین کے ہمراہ بھی موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورت خواتین اور بچوں کے ہمراہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کی اجازت نہیں ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ فیملیز کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کےغیر ضروری استعمال کی شکایات پر کیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ اس قانون کی پابندی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پولیس و انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ وہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے بچ سکیں۔