سندھ : زیادہ کورونا کیسز والے علاقے مکمل سیل کرنے کا فیصلہ

کراچی: حکومتِ سندھ نے نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ جن علاقوں میں کورونا کے زیادہ کیسز ہوں گے، ان کو مکمل بند کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز سے مایوس ہوں۔ سماجی دوری اور آئسولیشن کے بغیر وائرس کے پھیلاؤ کو نہیں روکا جا سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کچی آبادیوں میں 77 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے لیاری، کھارادر، لی مارکیٹ، کالا پل اور گارڈن کے علاقوں میں 30، گلستان جوہر، شریف کالونی، خلیل کالونی، کے ای سی ایچ سوسائٹی میں 16، ضلع کورنگی 6، لانڈھی اور گلشن حدید میں 6، ضلع غربی کے ناردرن بائی پاس، بلدیہ اور افغان بستی میں 8 اور ضلع وسطی کے مضافاتی علاقوں میں 11 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔