سندھ حکومت کے خلاف گمراہ کن آڈیو اور ویڈیو ٹیپ چلائی گئی، مرتضیٰ وہاب

کراچی :ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے خلاف گمراہ کن آڈیو اور ویڈیو ٹیپ چلائی گئی ہیں جس کے لیئے ہم نے ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ دیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے مقامی راہنما حلیم عادل شیخ نے بھی جعلی آڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بغیر کسی تصدیق کے شیئر کی ہیں جو سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان آڈیو ٹیپ میں صنعت کاروں اور تاجروں سے رشوت طلب کرنے کے الزامات لگائے گئے جو بعد میں خود تاجر راہنماؤں کی جانب سے مسترد کیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان آڈیو ٹیپ کو پھیلانے کا مقصد سندھ حکومت کے خلاف من گھڑت پراپیگنڈا مہم چلانا تھا جس کی حقیقت عیاں ہوچکی ہے اور ہمیں عوام کی خدمت سے روکنا اور سندھ حکومت کو متزلزل کرنا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں سے منسوب جعلی آڈیو ٹیپ میں بھتے کا الزام لگایا جبکہ سندھ حکومت نے صوبہ کے عوام کی بلا امتیاز خدمت کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے میں سندھ حکومت کی عوامی مثبت رائے نے مخالفین کو بوکھلا دیا ہے اور وہ کسی انجانے خوف کا شکار ہو چکے ہیں ۔ سندھ حکومت کی جانب سے ارسال کیئے گئے خط میں اس طرح کی مذموم آڈیو ٹیپ پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور خط کے مندرجات میں اس امر پر زور دیا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے حفاظتی تناظر میں بعض عناصر سندھ حکومت کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے کیلئے تاجر برادری کو اکسا رہے ہیں۔