کراچی: سندھ اسمبلی نے اپنے اجلاس میں ایک تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی جس میں نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفیؐ کے نام کے ساتھ لازمی طور پر خاتم النبیین لکھنے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ یہ قرارداد ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی محمد حسین کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
محرک کا کہنا تھا کہ اللہ رب العزت نے نبوت کے دروازے بند کردیے ہیں اس لیے لازمی قرار دیا جائے کہ حضرت محمد مصطفیؐ کا نام جب اور جہاں کہیں لکھا جائے خاتم النبیین ضرور تحریر کیا جائے۔
قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ اس میں کوئی شک و شبہ نہیں کہ حضرت محمد مصطفیؐ کے بعد نبوت کا باب بند ہوچکا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں قانون بنایا جائے کہ ہر کتاب میں خاتم النبیین لکھنا لازم ہوگا۔
تحریک لبیک کے رکن مفتی قاسم فخری نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں بھی حضورؐ کا نام آئے خاتم النبیین لکھا اور پڑھا جائے، پیپلز پارٹی کی خاتون رکن شمیم ممتاز نے کہا کہ حضورؐ آخری نبی ہیں، آپؐ کے نام کے ساتھ خاتم النبیین لکھا جائے، انہوں نے نشاندہی کی کہ دیگر صوبوں میں نویں اور دسویں جماعت کے نصاب میں خاتم النبیین کا لفظ کاٹا گیا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، بعدازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔