سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلنے کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ، وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سات ممالک کے باشندوں کی مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں اٹلی، جاپان ،کوریا،ایران ، چین، سنگاپور اور قازقستان شامل ہیں تاہم سعودی عرب میں موجود ایسے شہری جو 14 دن کے طبی جانچ کے عمل سے گذر چکے ہوں اوروہ کورونا وائرس سے محفوظ ہوں، انہیں مکہ اور مدینہ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
سیاحتی ویزوں کے حوالے سے وزارت سیاحت کا کہنا تھا کہ کہ جن سات ممالک پر عارضی پابندی لگائی گئی ہے ان کےعلاوہ دیگر ممالک سے سیاحتی ویزوں کا اجرا حسب معمول جاری ہے تاہم موجودہ حالات کے پیش نظر سیاح کو مکہ اور مدینہ میں جانے کی اجازت نہیں۔
گذشتہ روز سعودی محکمہ امیگریشن اور پاسپورٹ نے مقامی اور غیرملکیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ کسی بھی حالت میں ان ممالک کا سفرنہ کریں جہاں کرونا کا مرض وبائی صورت اختیار کر چکا ہے۔اس اقدام کا مقصد مملکت میں کروناوائرس پر قابو پانا ہے۔ جبکہ ملک میں شہریوں کو حفاظتی انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی قسم کے وبائی مرض میں شہری مبتلا نہ ہوں۔