سعودی عرب میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث حکومت نے علاقائی فضائی آپریشن پھر معطل کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 919 کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ سامنے آنے والے کیسز ہیں۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ملک میں کل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 234 ہوگئی ہے۔ نئے آنے والے 4 ہزار سے زائد کیسز میں سے نصف سے زائد کا تعلق ریاض شہر سے ہے جہاں سے 2371 کیسز رپورٹ ہوئے۔وزارت صحت کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 39 مریض انتقال کرگئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 1091 تک جا پہنچی ہے جب کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2122 مریض صحتیاب بھی ہوئے۔
دوسری جانب حکومت نے ملک میں کورونا کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر بین الاقوامی فضائی آپریشن کی معطلی میں مزید توسیع کردی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق حکومت نے صرف دیگر ممالک میں پھنسے سعودی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی ہے
خیال رہے کہ ملک میں 31 مئی کے بعد سے بحال کیے جانے والے علاقائی فضائی آپریشن کو ایک بار پھر 2 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔