سعودی عرب میں مقیم افراد ہی حج ادا کرسکیں گے

ریاض: رواں سال کے لیے سعودی عرب نے حج پالیسی کا اعلان کردیا جس کے مطابق اس برس صرف سعودی عرب میں مقیم افراد حج کی ادائیگی کرسکیں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا وزارت حج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس سال حج کو محدود رکھا جائے گا اور سعودی عرب میں مقیم مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد اس میں شرکت کریں گے۔ کورونا وبا کے باعث اس سال بیرون ملک سے عازمین کو حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیان میں کہا گیا کہ دنیا بھر میں کورونا وبا کے پھیلاؤ اور ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث حج کے شرکا کی تعداد محدود رکھی جائے گی، جس سے حج کے دوران عازمین کے مابین سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
وزارت حج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وبا کے آغاز سے حرمین شریفین آنے والے زائرین و عازمین کی صحت و عافیت یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح رہی ہے۔ مقدس مقامات کو زائرین کے لیے محفوظ بنانے کی خاطر پہلے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ متعدد اسلامی اور بین الاقوامی تنظٰیموں نے وبا کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے ہمارے ان اقدامات کا اعتراف کیا ہے۔ اسی تناظر میں وبا کے پھیلاؤ کی صورت حال کے پیش نظر اس برس حج کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے ہر سال اسلام کے اہم رکن حج کی ادائیگی کے لیے لاکھوں مسلمان سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا سفر کرتے ہیں۔