سشانت کی موت: سلمان خان، کرن جوہر، بھنسالی و دیگر کے خلاف مقدمہ درج

ممبئی: بولی وُڈ اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کا ذمے دار بولی وڈ کی چند مشہور شخصیات کو قرار دیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایڈووکیٹ سدھیر کمار اوجھا نے بولی وڈ کی 8 بڑی شخصیات کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے جس میں سلمان خان، ایکتا کپور، کرن جوہر، سنجے لیلا بھنسالی بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ مظفر پور کی ایک عدالت میں مختلف دفعات 306، 109، 504 اور 506 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سشانت سنگھ کو خودکشی کرنے پر مجبور کیا گیا لہٰذا اسے قتل قرار دیا جائے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ کی کچھ فلمیں ریلیز نہیں کی گئیں جب کہ انہیں 7 فلموں سے بھی زبردستی باہر کیا گیا اور ایسی صورت حال پیدا کی گئی جس کا دباؤ لے کر انہوں نے اپنی زندگی ختم کرنے کو ہی واحد حل جانا۔
ایکتا کپور نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں وضاحت پیش کی کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
ایکتا کپور نے کہا کہ شکر ہے مجھ پر سشانت کو کاسٹ نہ کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا جب کہ اسے میں نے ہی لانچ کیا تھا، میں یہ سوچ کر انتہائی پریشان ہوں کہ کیسے ایسی سازشیں پھیلائی جاسکتی ہیں۔