سرفراز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی سی کیٹگری میں دھکیلنے کا فیصلہ

لاہور: سابق قومی کپتان سرفراز احمد کو سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری سے نکال کر سی کیٹیگری میں دھکیلنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی نے 2020-21 کے لیے زیر معاہدہ کرکٹرز کی تنخواہوں اور مراعات میں کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم بابر اعظم اور یاسر شاہ کے ساتھ اے کیٹیگری میں شامل سرفراز احمد کو سی کیٹیگری میں رکھا جائے گا جو فی الوقت کسی بھی فارمیٹ کی قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی سینٹرل کنٹریکٹ کمیٹی میں شامل چیف ایگزیکٹو وسیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سینٹرل کنٹریکٹ کے نئے ناموں کی فہرست تیار کرلی ہے جسے جلد منظرعام پر لایا جائے گا۔