سابق عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کی 54 ویں سالگرہ

لاہور: سابق عظیم فاسٹ بولر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے زندگی کی 54 بہاریں دیکھ لیں، 104 ٹیسٹ اور 356 ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 956 وکٹیں اڑانے والے وسیم اکرم کا ورلڈکپ 1992 میں ایلن لیمب اور کرس لوئس کو لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ کرنا یادگار بلکہ شاہکار بنا، طویل اور شارٹ فارمیٹ میں دو دو ہیٹ ٹرکس بڑے کارنامہ رہے۔
3 جون 1966 کو لاہور میں پیدا ہونے والے وسیم اکرم نے 18 سال کی عمر میں ون ڈے ڈیبیو کیا، اگلے ہی سال دورہ نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ کیپ حاصل کی۔ 104 ٹیسٹ میچز میں 414 وکٹیں حاصل کیں، 356 ایک روزہ مقابلوں میں بطور فاسٹ بولر 502 شکار کیے، پندرہ رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کرنا سوئنگ کنگ کی بہترین پرفارمنس تھی۔
وسیم اکرم نے 2003 کے بعد کرکٹ کو گڈ بائے کہہ دیا تھا۔ بطور لیفٹ آرم خوبصورت بولنگ ایکشن کے مالک ماضی کے عظیم فاسٹ بولر، کوچنگ اور کمنٹری کے ذریعے کرکٹ سے اپنا ناتا اب بھی قائم رکھے ہوئے ہیں۔