دُنیا بھر میں کورونا متاثرین 65 لاکھ سے متجاوز، 3 لاکھ 88 ہزار اموات

نیویارک: پوری دنیا میں کووڈ 19 سے اموات کی تعداد 3 لاکھ 87 ہزار 957 ہوگئی، امریکا میں اب تک ایک لاکھ 9 ہزار 142 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
وبا کا پھیلاؤ دنیا بھر میں جاری ہے، مریضوں کی تعداد بڑھ کر 65 لاکھ سے تجاوز کرچکی جب کہ صحت یاب ہونے والے 31 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہیں۔ امریکا میں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ بھارت میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 919 ہے۔ برازیل میں مزید ایک ہزار 269، امریکا میں ایک ہزار 83، میکسیکو میں 470، برطانیہ میں 359، بھارت میں 259، روس میں 178 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
چین کے دفتر خارجہ نے ان الزامات کی تردید کی کہ چین نے کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار عالمی ادارہ صحت کو دینے میں تاخیر کی ہے۔ یورپی ملک آسٹریا نے اٹلی کے علاوہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔