حکومت نہیں چاہتی لوگ کورونا کے بجائے بھوک سے مر جائیں، وزیر اطلاعات

اسلام آباد: شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت ہر میٹنگ کے بعد واپس جا کر سیاست شروع کر دیتی ہے، اس نے کورونا پر بہت سیاست کی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں تمام متعلقہ شعبوں کے افراد نے شرکت کی، عوام کے پرزور اصرار پر ٹرین آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ ہوا، عید الفطر اور عوام کی سہولت کے لیے ٹرینوں کو بحال کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا کب تک رہے گا، اس پر کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا، پاکستان غریب ملک ہے لاک ڈاوٴن کی پالیسی دیر پا نہیں ہوسکتی، ہمارے پاس گنجائش نہیں ، پاکستان میں کورونا نے وہ نقصان نہیں کیا جو یورپ میں ہوا، کورونا وبا کے ساتھ معاشی سرگرمیوں کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے، حکومت نہیں چاہتی لوگ کورونا کے بجائے بھوک سے مر جائیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سیاست کر رہی ہے اور سندھ حکومت نے تو کورونا ایشو پر بہت سیاست کی ہے، میٹنگ کے بعد سندھ حکومت واپس جاکر سیاست شروع کر دیتی ہے، مخالفین ملک میں کنفیوژن پھیلا رہے ہیں ان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے، حکومت یا وزیراعظم کسی کا ہاتھ پکڑ کر روک نہیں سکتے ،لیکن اپوزیشن سے درخواست کرتا ہوں حکومت کے ساتھ چلیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام کے تحت جو لوگ بے روزگار ہوئے ان کی مدد کی جائے گی، شاپنگ مالز بڑے شہروں میں ہیں ان کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور اب ہفتہ اور اتوار کو بھی شاپنگ مال کھلے رہ سکتے ہیں، انڈسٹری ایس او پیز کے مطابق کام کرسکتی اور عید کی چھٹیوں میں بھی کام کر سکتی ہیں، تمام اقدامات اس لیے کیے گئے تاکہ توازن پیدا ہو، تاہم حفاظتی تدابیر اختیار نہیں کی گئیں تو دوبارہ سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہوں گے۔