حکومت سندھ کی شاپنگ مالز کھولنے اور پورا ہفتہ کاروبار جاری رکھنے کی اجازت

کراچی: سندھ حکومت نے وفاق سے توثیق کے بعد شاپنگ پلازہ کھولنے اور ہفتے کے ساتوں دن کاروبار جاری رکھنے کی اجازت دے دی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ حکومت نے عدالتی احکامات کے تحت شاپنگ پلازہ سے متعلق وزارت نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کو درخواست ارسال کی تھی، جس کا جواب موصول ہوگیا ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سندھ حکومت کی درخواست کا جائزہ لیا ہے اور اسے اس اقدام پر کوئی اعتراض نہیں۔ صوبائی حکومت شاپنگ پلازہ کھولنے کی صورت میں ایس اوپی پر سختی سے عمل درآمد کرائے۔
وفاق سے توثیق کے صوبائی محکمہ داخلہ نے صبح 8 سے شام 5بجے تک شاپنگ مالز میں کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دینے کا حکم نامہ جاری کردیا ، علاوہ ازیں ترمیمی حکم نامے میں صوبے میں ہفتے کے ساتوں دن کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔