کراچی: جے ایس بینک نے اپنے اہم شراکت داروں کے ساتھ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 110 ملین روپے کا فنڈ قائم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ فنڈ ریلیف پراجیکٹس اور مستقبل میں وبا کے خلاف ردعمل کی صلاحیت کو بڑھانے میں کام آئے گا۔
پہلے مرحلے میں مستحق خاندانوں کو 30 ملین روپے کا راشن اور ضروری اشیا فراہم کی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں غیرسرکاری تنظیموں سمیت طبی اور دیگر فرنٹ لائن اداروں میں پرسنل پروٹیکٹو ایکپمنٹ(پی پی ای) کی تقسیم اور عطیات سمیت50 ملین روپے کی فراہمی پر غور کیا جائے۔
پروگرام کے تیسرے مرحلے میں طبی اور تکنیکی تحقیق اور ترقی کے ذریعے وائرس کے طویل المدتی اثرات کو کم کرنے پر توجہ دی جائے، اس مرحلے میں ویکیسن کی تیاری، کٹس کو بہتر بنانا اور فوری ٹیسٹنگ کی کٹس کی تیاری شامل ہے۔
جے ایس بینک کے صدر اور سی ای او، باصر شمسی نے کہا کہ یہ ایک عالمی وبا ہے، ایک ذمے دار کارپوریٹ ادارے کے طور پر ہماری ذمے داری ہے کہ ہم ضرورت کی اس گھڑی میں پاکستان کے عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوں۔ انھوں نے دوسرے اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور اس وبا کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ جے ایس بینک مستقبل میں بھی اسی طرح پاکستان کی ترقی اور خوش حالی میں موثر کردار ادا کرتا رہے گا۔