صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کورونا وائرس کے باعث موسم سرما کی چھٹیوں کی مخالفت کردی۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اسکولوں میں کیا جا رہا ہے اب تک 117 سکولوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 16 سکول سیل کیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب میں سکول بند کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔میری سمجھ کے مطابق موسم سرما کی چھٹیاں نہیں ہونی چاہیے۔اس سے قبل بھی وزیر تعلیم پنجاب کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی وباء کورونا سے متعلق اس وقت صوبہ پنجاب میں ہنگامی صورتحال نہیں ہے،پورے صوبے میں 2 سو سے زائد اساتذہ اور طلباء میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، لہٰذا یہ صورتحال خطرناک نہیں ہے اسی وجہ سے ہم موسم سرما میں کی جانے والی چھٹیوں کے حق میں بھی نہیں ہیں کیوں کہ پہلے ہی بہت زیادہ چھٹیاں ہوچکی ہیں، لیکن اس کے باوجود دسمبر کے مہینے تک کورونا وائرس کی صورتحال کو دیکھنے کے بعد پھر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔