ترکی میں پاک بحریہ کے پہلے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کا آغاز

استنبول: پاک بحریہ کے پہلے ملجم کلاس جہاز کی تعمیر کا ترکی میں آغاز ہوگیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق جہاز کی تعمیر کی افتتاحی تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں ہوئی جس میں ترکی میں تعینات پاک بحریہ کے چیف نیول اوورسیز کموڈور رضوان خالد مہمان خصوصی تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ مَلجَم کلاس جہاز سطح آب، زیر آب، اینٹی ایئر ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ تعمیر کیے جانے والے 4 جہازوں میں سے 2 کی تعمیر کراچی شپ یارڈ میں ہوگی اور جہازوں کی مقامی سطح پر تعمیر سے ملکی جہاز سازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔
ترجمان بحریہ کے مطابق ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر کا پروجیکٹ پاکستان اور ترکی کے مضبوط باہمی تعلقات کا عکاس ہے اور عالمی سطح پر درپیش وبائی صورت حال میں جہاز کی تعمیر کے بروقت آغاز کے لیے تمام شراکت داروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔