بی این پی مینگل نے حکمراں جماعت سے راہیں جدا کرلیں

اسلام آباد: بی این پی (مینگل) نے پی ٹی آئی سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان آپ کا مقروض نہیں، اگر حساب کریں تو آپ کا ایک ایک بال بلوچستان کا قرض دار ہوگا، سوئی گیس کی رائلٹی تو چھوڑیں، ہمیں گیس سونگھنے کو بھی نہیں ملتی، میرے بلوچ کا خون کیوں زیر بحث نہیں آتا، کیا اس کا رنگ ٹماٹر کے رنگ سے زیادہ خراب ہے، ہمیں کوئی لائن میں نہیں لگنے دیتا، آپ آن لائن کی بات کررہے ہیں، لوگوں کے مجھے مسیجز آئے کہ ہمارے بچوں کو مت پڑھاؤ، اگر ہمارے بچے پڑھ گئے تو حق اور ناحق میں فرق کرنا سیکھ جائیں گے۔ بلوچستان کو برابر کا حصہ دینا ہوگا، آج نہیں تو کل دینا ضرور ہوگا.