اسلام آباد: چین کے ہاتھوں بدترین ہزیمت پر بوکھلائی ہوئی بھارتی حکومت نے نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے 50 فیصد عملے کو واپس جانے کا حکم نامہ جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے اسلام آباد میں اپنے ہائی کمیشن سے بھی 50 فیصد عملہ واپس بلوانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس فیصلے پر عمل درآمد ایک ہفتے تک ہوگا۔
بھارت نے پاکستانی ناظم الامور کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے یہ اقدام اسلام آباد میں دو بھارتی اہلکاروں کی حراست کے بعد طیش میں آتے ہوئے کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا تھا جب انہوں نے تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے ایک شہری کو ٹکر مار دی تھی۔
انڈین اہلکاروں کی شناخت سلوادیس پال اور داوامو براہمو کے نام سے ہوئی ہے۔ دوران حراست دونوں کے قبضے سے جعلی کرنسی بھی برآمد ہوئی تھی۔
پولیس نے دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کی تھی تاہم سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے بعد ازاں انہیں رہا کردیا گیا۔ گزشتہ روز یہ دنوں اہلکار بھارت لوٹ چکے ہیں۔