راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی، اس موقع پر انھوں نے پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔
آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی عید کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے منا رہی ہے، کشمیریوں پر 5 اگست سے غیر انسانی لاک ڈاؤن اور بھارتی مظالم جاری ہیں۔
آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا کلچر، ایمان، اتحاد اور تنظیم ہے، اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں کے ذریعے کورونا وبا سے قوم کو نجات دلائے، کورونا سے محفوظ رہنے کے لیے پاک فوج کے جوان سختی سے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔