کیرالہ: آن لائن کلاس چھوٹنے پر نویں جماعت کی طالبہ نے خودکشی کرلی، بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست کیرالہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں گھر پر ٹیلی وژن اور اسمارٹ فون کی سہولت نہ ہونے کے باعث طالبہ کی آن لائن کلاس مس ہوگئی، جس پر اس نے دل برداشتہ ہوکر خود کو آگ لگالی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 سالہ دیویکا دوپہر سے لاپتا تھی جس کی سوختہ لاش اس کے پڑوس میں ایک خالی گھر سے ملی جب کہ لڑکی کے کمرے سے ایک پرچہ بھی ملا جس میں صرف اتنا لکھا تھا کہ ’میں جارہی ہوں‘۔
بھارتی میڈیا کےمطابق لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی آن لائن کلاس نہ لینے کی وجہ سے کافی مایوس تھی، وہ کئی مرتبہ آن لائن کلاس لینے کے لیے ٹی وی کو ٹھیک کرانے کا کہہ چکی تھی مگر پیسے نہ ہونے سے ٹیلی وژن ٹھیک نہ ہوسکا اور ہمارے پاس اسمارٹ فون بھی نہیں۔