بھارتی سفارت کار کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا شدید احتجاج

اسلام آباد: سینئر بھارتی سفارت کار کو طلب کرکے پاکستان نے ایل او سی پر اشتعال انگیزی اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو طلب کرکے لائن آف کنٹرول کی بار بار خلاف ورزی پر بھارت سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ قابض بھارتی افواج جان بوجھ کر بھاری ہتھیاروں اور مارٹر گولوں سے شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں جو قابل مذمت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی سفارت کار کو احتجاجی مراسلہ حوالے کرکے زور دیا کہ بھارت 2003 کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے۔
گزشتہ روز ایل او سی کے رک چکری سیکٹر پر بھارتی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو خواتین شدید زخمی ہوئی تھیں۔ رواں سال اب تک 913مرتبہ بھارتی فورسز نے ایل او سی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔