بندھے ایک ڈور سے: احسن خان اور آشنا شاہ کی جوڑی دھوم مچانے کو تیار

کراچی: نئی نسل کے مقبول ہیرو احسن خان اور فلم اور ٹی وی ڈراموں کی معروف اداکارہ آشنا شاہ کی جوڑی نجی چینل کے نئے ڈرامے بندھے ایک ڈور سے میں دھوم مچانے آرہے ہیں۔
ناظرین یہ ڈراما رواں ماہ دیکھ سکیں گے ڈرامے کو فائزہ افتخار نے لکھا ہے، جب کہ اس کی ڈائریکشن علی فیضان نے دی ہے،عبداللہ کادوانی اس کے پروڈیوسر ہیں۔
فلموں کے بعد اداکاری میں اپنا لوہا منوانے والے احسن خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈرامے میں میرا کردار ایک ایسے نوجوان کا ہے، جو اپنے خاندان کو کسی بھی صورت متحد رکھنا چاہتا ہے۔ اور ساتھ ساتھ میری اور آشنا شاہ کی رومانس سے بھری کہانی بھی ناظرین کے دل جیت لے گی، پرومو سے اندازہ ہوا کہ ہم دونوں کی اسکرین کیمسٹری کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔

ڈرامے کی ہیروئن آشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں گھرانوں کی میٹھی میٹھی اور دل میں اتر جانے والی باتوں کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ یہ ایک پاکستانی کنبے کی کہانی ہے، جس میں فائزہ افتخار کے قلم کا جادو سرچڑھ کر بول رہا ہے۔
ڈرامے کے دیگر کاسٹ میں حنا الطاف، ثمینہ احمد نواز حسن، مدیحہ رضوی اور قوی خان بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کی آشنا شاہ کو بشر مومن، چیخ، الف اللہ اور انسان، بے وفا اور دیگر ڈراموں میں بے حد پسند کیا گیا تھا۔ وہ پرامید ہیں کہ اس ڈرامے کو بھی سراہا جائے گا۔