ایران میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس کے بعد حکومت نے دوبارہ لاک ڈاؤن کا اشارہ دے دیا ہے۔ایران میں 2 ماہ بعد ایک ہی دن میں کورونا وائرس سے 100 سے زائد ہلاکتیں اور تقریباً ڈھائی ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ترجمان ایرانی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران میں کورونا سے 107 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ایران میں کورونا سے ہلاکتیں 8 ہزار 837 ہوگئیں۔
ایران میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 472 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 87 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔
ماہرین نے ایران میں ایک بار پھر کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث خبردار کیا ہے کہ ایران کو کورونا کی دوسری شدید لہر کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پابندیوں میں دوبارہ مزید سختی کی جاسکتی ہے، اس لیے ایرانی عوام کورونا کو سنجیدہ لیں اور احتیاط کریں۔حسن روحانی کا کہنا ہے کہ اگر صوبے کے گورنر ضروری سمجھیں تو وہ اپنے صوبوں میں لاک ڈاؤن کرسکتے ہیں۔