لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آٹا اور چینی چوروں کی فرانزک رپورٹ چند روز کے لیے تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے، تاہم رپورٹ ضرور آئے گی۔
لاہور ریلوے اسٹیشن پر نجی ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں خود مال گاڑی پر راولپنڈی سے لاہور آیا ہوں، ٹرین آپریشن چلانے کے لیے 24 گھنٹے تیار ہیں، تاہم فیصلہ کمانڈ اینڈ کنٹرول نے کرنا ہے، ہم اسی کے ماتحت ہیں، جو وزیراعظم اور کمانڈ اینڈ کنٹرول کا فیصلہ ہوگا اسی پر عمل کیا جائے گا۔
وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعظم اور کمانڈ اینڈ کنٹرول ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو 24 گھنٹے میں گاڑیاں چلادی جائیں گی، پہلے 28 گاڑیاں اپ اینڈ ڈاؤن کی چلائی جائیں گی، جب کہ قرنطینہ کے حوالے سے ریلوے اسٹیشنوں پر تمام انتظامات مکمل ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ آئی پی پیز چور سارے مارے جائیں گے جب کہ آٹا اور چینی چوروں کی فرانزک رپورٹ تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے لیکن ضرور آئے گی، عمران خان کے لیے کوئی مشکلات نہیں ہیں، اللہ ان کے ساتھ ہے۔