کراچی: وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کے باعث کورونا کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت صوبے میں کورونا کے 13623 مریض زیرعلاج ہیں جن میں 12565 مریض گھروں میں آئسولیشن میں زیرعلاج ہیں، کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 465 ہوگئی ہے، آج مزید 38 مریض انتقال کرگئے، اموات بڑھنے پر دل بہت افسردہ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب تک کورونا وائرس کے 176703 ٹیسٹ کیے گئے، ان ٹیسٹوں کے نتیجے میں اب تک 27307 مریض سامنے آئے، 5481 کے نتیجے میں 1247 نئے مریض ظاہر ہوئے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5481 ٹیسٹ کیے گئے، آج 522 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، تاہم اس وقت 310 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 13272 ہوگئی ہے جب کہ آج 1247 نئے کورونا مریض سامنے آگئے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کے باعث کیسوں کی تعداد بڑھ رہی ہے. وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ضلع کورنگی 215، ضلع شرقی 213 اور ضلع وسطی 183، ساؤتھ 180، ویسٹ 69 اور ضلع ملیر 63 کیسز، گھوٹکی 29، حیدرآباد 24، لاڑکانہ 23،جیکب آباد 22، سکھر 21، جامشورو14، شہید بے نظیرآباد 8، سجاول 7، خیرپور 7 اور قمبر 5، کشمور 4، دادو 4، ٹھٹھہ اور بدین 3-3 جب کہ سانگھڑ1 شامل ہیں۔