امریکی لڑاکا طیارہ برطانیہ میں گر کر تباہ

لندن: امریکی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران یارکشائر کے ساحلی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شہر سفوک میں امریکی فضائیہ کے بیس سے اڑان بھرنے والے ایف-15 لڑاکا طیارے ’’سی ایگل‘‘ کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوگیا تھا۔ معمول کی تربیتی پرواز پر مامور طیارے میں ایک پائلٹ موجود تھا جس کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
امریکی ایئرفورس حکام نے خیال ظاہر کیا کہ طیارہ یارکشائر کے مشرقی ساحل سے 74 ناٹیکل میل دُور گر کر تباہ ہوا، ریسکیو ادارے اس علاقے میں طیارے کے ملبے کی تلاش میں سرچ آپریشن کررہے ہیں، جس کے لیے برطانوی حکام کی مدد بھی شامل ہے۔
دوسری جانب برطانوی کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کا شکار امریکی فضائیہ کے طیارے کی تلاش میں ہیلی کاپٹر اور بحری جہاز کی مدد بھی لی جارہی ہے۔ پائلٹ کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے۔