کراچی: اسکول فیس، یوٹیلٹی بلز اور کرایوں میں رعایت کی سندھ کابینہ نے اصولی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فیس میں یہ رعایت اپریل اور مئی 2020 کے لیے ہے۔
سندھ کابینہ نے احساس کفالت پروگرام کے تحت ادائیگی پر ملنے والے کمیشن پر ایس بی آر ٹیکس بھی معاف کردیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس معافی کا اطلاق صرف متعلقہ بینکنگ ایجنٹس کو ملنے والے کمیشن پر ہوگا۔
کابینہ نے سندھ کووڈ ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020 کی منظوری دیتے ہوئے گورنر کو بھیج دیا۔ آرڈیننس میں اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے، جب کہ بجلی، پانی، گیس کے بلوں اور رہائشی کرایوں میں رعایت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
سندھ کابینہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اوور اسپیڈنگ پر موٹر سائیکلز کے لیے جرمانہ 500 روپے، لائٹ وہیکل کے لیے ہزار اور بڑی گاڑیوں پر 1500 روپے، پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد مسافر بٹھانے پر جرمانہ تین سو روپے سے بڑھاکر ایک ہزار روپے، اوور ٹیکنگ کا جرمانہ تین سو روپے سے بڑھا کر دو ہزار تک کرنے کی تجاویز بھی دے دیں۔
مراد علی شاہ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس حوالے سے متعلق افراد سے مشاورت کی ہدایت کردی۔