فلمی ایوارڈ ‘آسکر’ دینے والے ادارے دی اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک نے کورونا کی وبا کے باعث ‘آسکر’ ایوارڈز کی تقریب کو 2 ماہ کے لیے مؤخر کردیا۔
یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ آسکر اکیڈمی کے منتظمین نے ایوارڈز تقریب کو ملتوی یا منسوخ کرنے پر غور شروع کردیا ہے، تاہم اب اس کی تصدیق بھی کردی گئی۔یہ پہلا موقع ہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کسی بیماری کے باعث منسوخ کی گئی ہے، تاہم اس سے قبل بھی کم از کم تین مواقع پر آسکر ایوارڈز کی تقریب ملتوی یا منسوخ کی جا چکی ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ آسکر اکیڈمی اور اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک انتظامیہ نے تصدیق کردی کہ اب ایوارڈز کی تقریب اپریل 2021 میں ہوگی۔93 ویں ‘آسکر’ ایوارڈز کی تقریب فروری کے آخر میں منعقد ہونا تھی، تاہم اب اسے 25 اپریل 2021 کو منعقد کیا جائے گا۔