ملتان میں سب سے بڑا قرنطینہ قائم، 1247 زائرین کو منتقل کردیا، شاہ محمود

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں سب سے بڑا قرنطینہ قائم کردیا گیا جو 3 ہزار کمروں پر مشتمل ہے، ایران سے لوٹنے والے 1247 زائرین کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا جنہیں الگ الگ کمروں میں رکھا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ ہر کمرے میں، ہر زائر کو الگ چارپائی بستر، چپل، صابن اور دیگر اشیاء دستیاب ہیں، قرنطینہ میں موجود زائرین کے لیے 50 بیڈ پر مشتمل ایمرجنسی اسپتال بھی قائم کردیا ہے، کمشنر، ڈپٹی کمشنر ملتان سمیت، ضلعی انتظامیہ کے ساتھ لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہوں، عوام ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی ہدایات اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سیلف آئسولیشن میں معمول کے دفتری کام گھر سے انجام دے رہا ہوں، ہمیں اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک اجتماعی حکمت عملی کی ضرورت ہے، پبلک ٹرانسپورٹ سے آنے والے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کا کہا ہے، تمام اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر اس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہوگا، یہ وقت سیاست اور اختلافات کا نہیں، سیاست کرنے کے لیے بہت وقت پڑا ہے، اس وقت سیاسی قائدین کی جانب سے قومی بیانیے کی بات انتہائی مناسب ہے۔