سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے احکامات کے بعد کراچی میں دیو ہیکل بل بورڈز اور ہورڈنگز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر قائم دیو قامت بل بورڈز کو ہٹانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے، کے ایم سی انتظامیہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے مختلف علاقوں سے دیوقامت بل بورڈز اور ہورڈنگز ہٹانے کیلئے کارروائی شروع کردی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹرلینڈ بشیرصدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ بل بورڈ پوری رہائشی عمارت کے اطراف لگا ہوا تھا، بل بورڈ ہٹانے کے آپریشن میں دو دن لگے۔آپریشن سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کے ایم سی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز کے خلاف کارروائی میں ہیوی مشینری اور کرینوں کا استعمال کیا گیا ہے۔