کراچی: امریکی حکومت نے کورونا اور دیگر وبائی امراض کی تشخیص میں پاکستان کی استعداد بڑھانے کی خاطر موبائل بایو سیفٹی لیبارٹری محکمہ صحت سندھ کے حکام کے حوالے کردی۔ یہ لیبارٹری پاکستان کے ان دوردراز و پس ماندہ علاقوں کے لیے فراہم کی گئی ہے، جہاں ٹیسٹنگ اور نگرانی کے وسائل بالکل محدود ہیں۔ اس موبائل لیبارٹری سے بیماریوں کی فوری تشخیص، ٹیسٹ کا دورانیہ کم کرنے اور طبی عملے کی صحت کے تحفظ کے حوالے سے مدد ملے گی۔
امریکی قونصل جنرل مارک اسٹروہ اور سندھ کی وزیر صحت و بہبود آبادی ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تقریب میں خصوصی شرکت کی جب کہ محکمہ صحت سندھ کے حکام بھی موجود تھے۔ یہ تقریب 6 جولائی کو اسلام آباد میں ہونے والی مرکزی تقریب کا تسلسل ہے، جس میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے چار موبائل لیبارٹریز پاکستان کے ادارے برائے قومی صحت کے حکام کے حوالے کی گئی تھیں۔
اس موقع پر امریکی قونصل جنرل مارک اسٹروہ نے کہا کہ "موبائل بایو سیفٹی لیبارٹری سندھ کے محکمہ صحت کے حوالے کرنا میرے لیے باعث خوشی ہے، جس کا مقصد سندھ اور بلوچستان کے عوام کو بہتر طبی خدمات مہیا کرنا ہے۔ اس لیبارٹری کی مدد سے ہنگامی اور وبا کے حالات میں فوری اور مؤثر کام کرنے کے لیے پاکستانی حکومت کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔”
قونصل جنرل اسٹروہ نے کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے اور کامیاب ویکسی نیشن پر پورے پاکستان کے طبی عملے کی خدمات کو سراہا۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے صوبے میں صحت کی خدمات بہتر بنانے، خصوصی طورپر کووڈ-19 کے بحران میں امریکی حکومت کے جانب سے یو ایس ایڈ کے ذریعے مدد کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
کووڈ -19 کے پھیلاؤ سے آج تک امریکی حکومت نے پاکستان سمیت دنیا کے 120 سے زائد ممالک میں عالمی وبا کا مقابلہ کرنے اور انسانی زندگیاں بچانے کے لیے کام کیا ہے۔ امریکا کی جانب سے پاکستان کیساتھ جاری تعاون میں ہنگامی امداد، نظام صحت کی بہتری، ویکسین کی تیاری و تقسیم، تعلیم برائے صحت اور طبی عملے کی صحت کے تحفظ کیلئے مدد شامل ہے۔
امریکی حکومت نے پاکستان کو کووڈ-19 کی 7 کروڑ 70 لاکھ خوراکیں، کورونا کی فوری تشخیص کی 10 لاکھ ٹیسٹ کٹس اور صحت سے متعلق خدمات امداد کے طور پر فراہم کی ہیں۔ علاوہ ازیں عالمی وبا کے دوران امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو 70.4 ملین ڈالرز براہ راست اور 13.8 ملین ڈالرز کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے عوامی امداد کی مدد میں جاری کیئے گئے۔ جبکہ پاکستان میں ویکیسینیشن کیلئے تعاون کے تحت یو ایس ایڈ میں 2 کروڑ ڈالرز کے اضافی فنڈز کے اجراء کا بھی ارادہ ہے۔ یہ خدمات تباہ کن وبا سے نکلنے کیلئے پاکستانی عوام کیساتھ بھرپور تعاون کا حصہ ہیں۔
یو ایس ایڈ کے پاکستان میں امدادی پروگرامز اور منصوبوں کے باری میں مزید معلومات کیلئے وزٹ کریں: www.usaid.gov/pakistan