تربت: نیول ایئربیس پر حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید

تربت: تربت میں سیکیورٹی فورسز نے پاک بحریہ کے ایئربیس پی این ایس صدیق پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب دہشت گردوں نے پی این ایس صدیق پر حملہ کرنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے موثر جواب دیتے ہوئے ناکام بنادیا۔
بحری دستوں کی مدد کے لیے اردگرد میں موجود سیکیورٹی فورسز کو فوری متحرک کیا گیا، مسلح افواج کے موثر جواب کے بعد مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران، فرنٹیئر کور بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگالیا۔ شہید کی عمر 24 سال اور مظفر گڑھ کا رہائشی تھا۔
علاقے میں پائے جانے والے کسی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تربت نیول ایئربیس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی سے دہشت گرد جہنم واصل ہوئے اور ہم ایک بڑے نقصان سے بچ گئے، ہم دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لیے پُرعزم ہیں جب کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں سلام پیش کرتی ہے۔

Attackfour terrorist killedNavy Airbaseturbat