ٹک ٹاک صارفین کے لیے بڑی خوش خبری، پابندی ختم

اسلام آباد: پی ٹی اے نے عدالتی حکم کے بعد ٹک ٹاک پر عائد پابندی ختم کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
پی ٹی اے نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ٹک ٹاک سروس کی بندش کو ختم کردیں۔
ادارے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ’پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں سروس فراہم کنندگان کو ٹک ٹاک سے پابندی اٹھانے کی ہدایات جاری کردی ہیں‘۔
پی ٹی اے نے وضاحت کی کہ ٹک ٹاک ایپ انتظامیہ کو بتایا گیا کہ پی ای سی اے کی دفعات اور معزز عدالت کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر اخلاقی اور قابل اعتراض مواد کو روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔
خیال رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے شہری کی جانب سے دائر درخواست کے بعد 11 مارچ 2021 کو سوشل میڈیا کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی تھی، البتہ آج پشاور ہائی کورٹ نے ٹِک ٹاک سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد ایپ کو کھولنے کی ہدایت کی۔

PakistanPeshawar High courtTikTok