کراچی یونیورسٹی، طالبہ کو ہراساں کرنے پر 7 کم عمر ملزمان گرفتار

کراچی: کراچی یونیورسٹی میں رات گئے طالبہ کو ہراساں کرنے پر 7 کم عمر ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی یونیورسٹی کے کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معیز خان نے بتایا کہ جامعہ کراچی کی حدود میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس ہے، 5 اکتوبر کو یہ واقعہ پیش آیا تھا اور 7 اکتوبر کو جامعہ کراچی انتظامیہ کو درخواست موصول ہوئی، واقعے میں ملوث لڑکوں کی کل رات ہی نشان دہی کرلی گئی تھی۔
سیکیورٹی ایڈوائزر نے بتایا کہ گزشتہ رات کارروائی کرتے ہوئے 7 مشتبہ لڑکوں کو حراست میں لیا گیا ہے، مشتبہ لڑکوں کی عمر 16 سے 20 سال ہے، واقعے پر آئی بی اے، جامعہ کراچی اور رینجرز رابطے میں ہیں، تمام کارروائی قانون کے مطابق ہوگی، لڑکے کم عمر ہیں اور جامعہ کے اسٹاف کے بچے ہیں۔
ڈاکٹر معیز خان نے کہا کہ شناخت کے لیے شکایت کنندہ کو بلایا گیا، متاثرہ افراد کو ان کی شناخت کرنی ہے، شناخت کا عمل مکمل ہوجانے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی، سوشل میڈیا پر جامعہ کراچی محفوظ نہیں کا ٹرینڈ چلانا غلط ہے۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب ساڑھے 11 بجے ایک طالب علم اور طالبہ اپنی گاڑی میں جامعہ سے واپس آرہے تھے جب انہیں لڑکوں کے ایک گروپ نے جامعہ میں روک کر ہراساں کرنے کی کوشش کی تھی۔

#Karachi University7 Person arrest