دہری شہریت کے حامل معاونین خصوصی کو ہٹانے کی درخواست مسترد

اسلام آباد: عدالت عالیہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ وزیراعظم کو کسی کو معاون رکھنے کا بھی اختیار نہ دیں تو نظام کیسے چلے گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وزیراعظم کے دہری شہریت والے معاونین خصوصی کو عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کی سماعت کی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ بتائیں آئین میں کہاں لکھا ہے کہ وزیراعظم کے معاونین دہری شہریت نہیں رکھ سکتے؟، وزیراعظم کو جب عوام منتخب کرتے ہیں تو ان پر بھاری ذمے داریاں عائد ہوجاتی ہیں، وہ اگر اپنی ذمے داریاں نبھانے کے لیے کسی کی مدد لے تو اس میں کیا حرج ہے؟ اگر انہیں اتنا اختیار بھی نہ دیں کہ وہ کسی کو معاون رکھے تو کیسے نظام چلے گا؟۔
درخواست گزار وکیل اکرم چوہدری نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 93 کے تحت صرف پانچ مشیر مقرر کیے جاسکتے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آرٹیکل 93 مشیروں سے متعلق ہے، معاونین خصوصی سے متعلق نہیں ہے، آئین میں یہ دکھائیں جس جگہ لکھا ہے کہ معاونین دہری شہریت نہیں رکھ سکتے۔
درخواست گزار نے کہا کہ آئین میں ایسا کچھ نہیں لکھا لیکن رولز آف بزنس میں یہ پابندی موجود ہے، رُول 15 میں اس قسم کی پابندی موجود ہے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ رُول 15 تو 2010 میں حذف کیا جاچکا ہے۔
عدالت نے معاونین خصوصی کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ عدالت نے فیصلہ دیا کہ دہری شہریت رکھنے والے بھی پاکستانی ہیں، جن کی پاکستان سے حب الوطنی پر شک نہیں کیا جاسکتا، معاون خصوصی کا تقرر وزیراعظم کا اختیار ہے جن کی تعداد پر بھی کوئی پابندی نہیں، وزیراعظم کا معاون خصوصی دہری شہریت پر نااہل بھی نہیں ہوسکتا۔
دھیان رہے کہ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ کابینہ کے 19 غیر منتخب ارکان میں سے چار معاونین خصوصی دہری شہریت رکھتے ہیں، ندیم بابر اور شہزاد قاسم امریکا، زلفی بخاری برطانیہ جبکہ تانیہ آیدروس کینیڈا کی شہریت رکھتی ہیں جنہیں برخاست کرنے کا حکم دیا جائے۔

islamabad High courtPM Advisorstwins citizenship