کراچی سرکلر ریلوے: سندھ حکومت اور ریلوے کو توہین عدالت کا نوٹس

اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے کراچی سرکلر ریلوے کیس میں سندھ حکومت اور ریلوے کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
چیف جسٹس جناب گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کراچی سرکلر ریلوے کیس کی سماعت کی، جس میں عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ اور سیکریٹری ریلویز کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے وجوہ طلب کی ہیں۔
عدالت نے سیکریٹری ریلویز اور چیف سیکریٹری سندھ کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا جب کہ ساتھ ہی ڈی جی ایف ڈبلیو او کو بھی ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر وضاحت دینے کا حکم ہے۔
عدالت نے کہا کہ سیکریٹری ریلویز اور چیف سیکریٹری سندھ بتائیں کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ کیوں فعال نہیں ہوا، کیوں نہ ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے؟
چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ اب بات صرف یہاں تک نہیں رکے گی، ہم سب کو بلائیں گے اور ضرورت پڑی تو وزیراعظم کو بھی بلالیں گے، ضرورت پڑی تو وزیراعلیٰ سندھ کو بھی طلب کریں گے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کیوں فعال نہیں ہوئی؟ سرکلر ریلوے فعال کرنے کے حکم پرعمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا؟ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا گیا؟
عدالت نے کہا کہ محکمانہ خط بازی کی گئی، لیکن سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا، سیکریٹری ریلوے اور چیف سیکریٹری توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔
بعدازاں عدالت نے کراچی سرکلر ریلوے کیس کی سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

Karachi Circular RailwayRailwaysindh govtSupreme court of Pakistan